نیا تعمیر شدہ پل حادثے کا شکار، قریبی پلوں کی ہنگامی جانچ جاری

0
93
نیا تعمیر شدہ پل حادثے کا شکار، قریبی پلوں کی ہنگامی جانچ جاری

چین کے صوبے سچوان میں حال ہی میں ٹریفک کے لیے کھولا گیا ہونگ چی پل اچانک گر گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ یہ پل صرف چند ماہ قبل ہی عوامی آمد و رفت کے لیے کھولا گیا تھا اور اس کی لمبائی تقریباً 758 میٹر بتائی جاتی ہے۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، حادثے سے دو روز قبل پل کے ڈھانچے میں دراڑیں ظاہر ہونا شروع ہوگئی تھیں، جس کے بعد حکام نے ابتدائی معائنہ تو کیا، تاہم اسے مکمل طور پر بند نہیں کیا گیا۔ منگل کے روز اچانک پل کا ایک بڑا حصہ منہدم ہوگیا، جس سے سڑک کا درمیانی حصہ زمین میں دھنس گیا اور ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگئی۔

حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں اور انجینئرنگ ماہرین کو موقع پر پہنچا دیا گیا، جنہوں نے علاقے کو سیل کر کے پل کے باقی حصے کا تفصیلی معائنہ شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق پل کے گرنے کی وجہ تعمیراتی خامی، ناقص مواد یا زمین کے کھسکنے کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔

صوبائی حکومت نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، جبکہ قریبی پلوں اور اہم شاہراہوں کی ہنگامی جانچ کا عمل بھی جاری ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق، پل کی تعمیر پر کروڑوں یوآن لاگت آئی تھی اور اسے علاقے کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اہم منصوبہ قرار دیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شہریوں نے تعمیراتی معیار اور حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھائے ہیں۔

Leave a reply