نوجوان نسل میں عید مبارک کے انداز بدلنے لگے

0
69
نوجوان نسل میں عید مبارک کے انداز بدلنے لگے

ایک وقت تھا جب عید کی خوشیوں کا آغاز عید کارڈز کی خریداری سے ہوتا تھا۔ بازاروں میں سجے رنگ برنگے کارڈز لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے، اور ہر شخص اپنے پیاروں کے لیے خاص پیغام منتخب کرنے میں وقت صرف کرتا تھا۔ عید کارڈ بھیجنا محض ایک رسم نہیں بلکہ محبت، خلوص اور یاد رکھنے کا خوبصورت اظہار سمجھا جاتا تھا۔
خاص طور پر نوجوانوں میں اس روایت کا الگ ہی رنگ ہوتا تھا۔ لڑکیاں اپنی سہیلیوں کو عید کارڈز کے ساتھ چوڑیاں، زیورات اور دیگر تحائف دیتیں، جبکہ لڑکے اپنے دوستوں کو کارڈ کے ساتھ گھڑیاں، رومال یا چھوٹے تحائف پیش کرتے تھے۔ رشتہ داروں اور دوست احباب کو عید کی مبارکباد دینا اس روایت کا اہم حصہ تھا۔
تاہم وقت کے ساتھ یہ روایت مدھم پڑتی گئی۔ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ نے عید کارڈز کی جگہ لے لی۔ اب لوگ چند الفاظ پر مشتمل پیغامات کے ذریعے اپنی مبارکباد پہنچا دیتے ہیں، جس سے وہ روایتی انداز کہیں پیچھے رہ گیا ہے۔
اس کے باوجود، عید کے موقع پر خوبصورت اور بامعنی جملے لکھنا آج بھی بہت سے افراد کے لیے مشکل ہوتا ہے۔ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے چند روایتی اور دل کو چھو لینے والے عید پیغامات پیش کیے جا رہے ہیں:
نمونہ پیغامات:
اس خوبصورت عید کی روشنی میں آپ کی تمام خواہشات پوری ہوں، زندگی خوشیوں سے بھر جائے۔ عید مبارک۔
عید الفطر ہمیں محبت، تعاون اور خدا کی رحمتوں کا احساس دلاتی ہے۔ اللہ آپ کو نیکی کی راہ دکھائے۔ عید مبارک۔
اس مبارک موقع پر دعا ہے کہ آپ کی زندگی خوشیوں، کامیابیوں اور محبت سے بھر جائے۔ عید مبارک۔
اللہ کرے آپ کی ہر رات چاند رات اور ہر دن عید کا دن ہو، اور تمام مشکلات آسانیوں میں بدل جائیں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کے نیک اعمال قبول فرمائے اور پوری امت مسلمہ کو خوشیاں عطا کرے۔
دعا ہے کہ آپ کو زندگی میں کئی خوشگوار عیدیں نصیب ہوں، اور آپ ہمیشہ خوشحال رہیں۔ عید مبارک۔
آپ ہمیشہ دل کے قریب رہتے ہیں، چاہے فاصلے کتنے ہی کیوں نہ ہوں۔ عید مبارک۔
عید صرف ایک تہوار نہیں بلکہ محبت بانٹنے اور رشتوں کو مضبوط کرنے کا موقع ہے۔ چاہے ذریعہ کوئی بھی ہو، خلوص اور سچے جذبات ہی اصل اہمیت رکھتے ہیں۔

Leave a reply