ناسا کا چاند اور مریخ کے لیے نئے مشن پلان کا اعلان

0
40
ناسا کا چاند اور مریخ کے لیے نئے مشن پلان کا اعلان

امریکی خلائی ادارے ناسا نے چاند اور مریخ کی جانب اپنے آئندہ بڑے منصوبوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن کے تحت خلا میں انسانی موجودگی کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔
ایک حالیہ تقریب کے دوران ناسا کے منتظم جیرڈ آئزک مین نے بتایا کہ چاند پر مستقل بیس کی تعمیر فوری طور پر ممکن نہیں ہوگی بلکہ یہ ایک طویل مدتی منصوبہ ہے جو آئندہ تقریباً 7 سال میں مکمل کیا جائے گا۔ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 20 ارب ڈالر سے زائد خرچ کیا جائے گا اور اسے مختلف خلائی مشنز کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاند کے گرد مداری اسپیس اسٹیشن بنانے کا منصوبہ ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ توجہ اب براہِ راست چاند کی سطح پر موجود انفراسٹرکچر پر مرکوز ہے۔
مریخ کے حوالے سے بھی ایک اہم پیشرفت کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت جوہری توانائی سے چلنے والے اسپیس کرافٹ کی تیاری جاری ہے۔ منصوبے کے مطابق یہ مشن 2028 تک روانہ کیا جائے گا، جو مریخ کی جانب تحقیق کے لیے ایک اہم قدم ہوگا۔ اس مشن میں ایسے چھوٹے ہیلی کاپٹر نما آلات بھی شامل ہوں گے جو مریخ کی سطح کی کھوج میں مدد دیں گے۔
ناسا حکام کے مطابق چاند پر خلا بازوں کی واپسی میں کچھ تاخیر کا سامنا ہے، جس کی وجہ اسپیس ایکس کی جانب سے لینڈنگ ماڈیول کی تیاری میں تاخیر بتائی گئی ہے۔
تقریب میں یہ بھی کہا گیا کہ خلائی دوڑ میں چین کی تیز رفتار پیش رفت کے باعث امریکہ اپنی خلائی حکمتِ عملی کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

Leave a reply