مگرمچھ نے آبادی میں خوف و ہراس پھیلا دیا

مگرمچھ مشرقی سعودی عرب کے شہر قطیف کے چڑیا گھر سے نکل کر شاہراہ پر گشت کرنے لگا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
قطیف میونسپل کونسل کا کہنا ہے کہ دمام جبیل شاہراہ پر گھومنے والے مگرمچھ پر قابو پالیا گیا ہے۔ ہائی وے پر مگرمچھ کی اطلاع ملنے پر مکینوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
مقامی کونسل کا کہنا ہے کہ پورے علاقے کا معائنہ کیا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مزید خطرے سے دوچار جانور موجود نہیں ہیں۔ چڑیا گھر عارضی طور پر بند کردیاگیاہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے مگرمچھ کو ہائی وے پر چڑیا گھر کے قریب ایک پل کے نیچے دیکھا۔ جس کے بعد متعلقہ ادارے اسے گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ ہائی وے پر گشت کرنے والا مگرمچھ تقریباً تین میٹر لمبا ہے۔
سعودی عرب میں مہلک جانوروں کو رکھنے کی سزا دس سال قید اور تیس لاکھ ریال تک جرمانہ ہے۔








