
ملک بھر میں موسم سرما کی آمد سے قبل مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، مختلف شہروں میں گیس 450 سے 750 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جب کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 279 روپے 34 پیسے فی کلو گرام مقرر کر دی ہے۔ اکتوبر
ملک کے مختلف شہروں میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور موسم سرما کی آمد سے قبل صارفین مہنگی گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔ اوگرا نے اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 279 روپے 34 پیسے فی کلو مقرر کی ہے تاہم مختلف شہروں میں گیس مقررہ نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔
کراچی میں ایل پی جی من مانی قیمتوں پر فروخت ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف علاقوں میں 500 سے 550 روپے فی کلو گیس مانگی جارہی ہے۔ سرکاری قیمت اور مارکیٹ میں وصول کی جانے والی قیمت کے درمیان وسیع فرق کی وجہ سے گھریلو صارفین کو اضافی اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں۔
اسلام آباد کے بعض علاقوں میں ایل پی جی 600 روپے فی کلو سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہی ہے جب کہ گھریلو سلنڈر کی قیمت 7 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ پشاور میں ایل پی جی کی قیمت 450 سے 500 روپے فی کلو ہے جبکہ حیدرآباد میں اس کی قیمت 550 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
شمالی علاقوں میں صورتحال زیادہ سنگین ہے جہاں ایل پی جی مبینہ طور پر مختلف مقامات پر 700 سے 750 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سردیوں میں گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 10 ہزار روپے کا اضافہ ہو سکتا ہے۔








