
اسلام آباد: پاکستان کی مالی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی حکومتوں نے وفاقی حکومت کو 57 ارب 46 کروڑ روپے کی مالی گرانٹ فراہم کر دی۔
ذرائع کے مطابق یہ رقم رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت وفاق کو منتقل کی گئی۔ اس آئینی شق کے تحت وفاق اور صوبے قومی مقاصد کے لیے ایک دوسرے کو مالی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔ یہ نظام این ایف سی ایوارڈ سے الگ ہے۔
رواں مالی سال کے بجٹ میں صوبوں کی جانب سے وفاق کو مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے دینے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
اس منصوبے کے تحت پنجاب 555 ارب، سندھ 263 ارب، خیبر پختونخوا 157 ارب اور بلوچستان 58 ارب روپے فراہم کرے گا۔
پہلی سہ ماہی میں منتقل ہونے والی رقم اسی مالی منصوبے کا ابتدائی حصہ ہے۔ اس پیش رفت کو وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی تعاون کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔








