ملائیشیا اور انڈونیشیا میں گروک چیٹ بوٹ پر پابندی، برطانیہ میں تحقیقات کا آغاز

0
34
ملائیشیا اور انڈونیشیا میں گروک چیٹ بوٹ پر پابندی، برطانیہ میں تحقیقات کا آغاز

ملائیشیا اور انڈونیشیا نے خواتین اور بچوں کی اجازت کے بغیر غیر اخلاقی تصاویر تیار کرنے کے الزامات پر ایلون مسک کے مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ گروک تک رسائی بند کر دی ہے۔
دونوں ممالک کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی تحفظ، خصوصاً خواتین اور کم عمر افراد کے حقوق کے دفاع کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ایسے اے آئی ٹولز کا استعمال سنگین اخلاقی اور قانونی خدشات کو جنم دے رہا ہے۔
دوسری جانب برطانیہ کے میڈیا ریگولیٹر آف کام نے بھی گروک کے خلاف باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سے وضاحت طلب کی ہے کہ برطانوی صارفین کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے کون سے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
برطانیہ کے متعدد حکومتی وزرا اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ اگر آف کام ایکس پر پابندی یا سخت کارروائی کی سفارش کرتا ہے تو حکومت اس کی حمایت کرے گی۔ اس سے قبل برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر بھی گروک کے ممکنہ غلط استعمال کو ناقابلِ قبول اور تشویشناک قرار دے چکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ اس کے ضابطہ اخلاق اور قانونی نگرانی کی فوری ضرورت ہے تاکہ شہریوں کی پرائیویسی اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a reply