
گوگل کی ملکیت ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے مفت صارفین کے لیے ایک اہم سہولت محدود کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو یوٹیوب پریمیئم سبسکرپشن کی طرف راغب کرنا بتایا جا رہا ہے۔
حال ہی میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق یوٹیوب موبائل براؤزرز پر بیک گراؤنڈ پلے بیک کی سہولت مفت صارفین سے مرحلہ وار واپس لے رہا ہے۔ یہ فیچر صارفین کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ ایپ یا براؤزر بند کرنے کے بعد بھی ویڈیو یا آڈیو سن سکیں۔
اگرچہ گوگل کروم پر یہ سہولت پہلے ہی صرف پریمیئم صارفین کے لیے مخصوص تھی، تاہم کئی افراد مائیکرو سافٹ ایج، بریو اور سام سنگ انٹرنیٹ جیسے متبادل براؤزرز کے ذریعے اسے مفت استعمال کر رہے تھے۔
اب متعدد صارفین نے شکایت کی ہے کہ یہ سہولت ان کے موبائل براؤزرز پر کام کرنا بند ہو گئی ہے۔ گوگل نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس حوالے سےاقدامات کیےجارہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق بیک گراؤنڈ پلے بیک فیچر دراصل یوٹیوب پریمیئم صارفین کے لیے تیار کیا گیا تھا، مگر کچھ مفت صارفین غیر سرکاری طریقوں سے اس تک رسائی حاصل کر رہے تھے، جسے روکنے کے لیے پالیسی پر عمل درآمد سخت کیا جا رہا ہے۔
اگرچہ کچھ صارفین کے لیے یہ فیچر فی الحال فعال ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں تمام مفت صارفین کے لیے اسے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔









