معروف امریکی اداکارہ زوری ہال پہلی بار پاکستان آئیں گی

0
21

معروف ایمی ایوارڈ یافتہ امریکی اداکارہ، میزبان اور پروڈیوسر زوری ہال نے آئندہ سال پاکستان میں منعقد ہونے والے کامک کان پاکستان 2026 میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔

لاس اینجلس میں یونیورسل اسٹوڈیوز ہالی ووڈ میں کامک کان پاکستان کے صدر سید عامر سجاد سے ہونے والی ملاقات میں زوری ہال کو باضابطہ دعوت دی گئی، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا۔ ملاقات میں ایونٹ کی تفصیلات، وژن اور پاکستان کی تخلیقی صنعتوں کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

زوری ہال نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر ایک بین الاقوامی پاپ کلچر ایونٹ کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے، جو نہ صرف فنکاروں اور تخلیق کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لائے گا بلکہ پاکستان کا مثبت اور تخلیقی پہلو بھی اجاگر کرے گا۔

کامک کان پاکستان 2026 کا انعقاد 31 جنوری 2026 کو کراچی ایکسپو سینٹر میں کیا جائے گا، جہاں دنیا بھر سے فنکار، گیمنگ ماہرین، ٹیکنالوجی ایکسپرٹس اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد شرکت کریں گے۔

سید عامر سجاد نے زوری ہال کو ایونٹ کے آفیشل سپرہیرو ’سپرہیرو پاکستان‘ سے بھی متعارف کروایا، جس کے تصور اور ڈیزائن کو اداکارہ نے سراہا۔ اس سپرہیرو کردار پر مبنی ایک ہالی ووڈ فیچر فلم بھی زیرِ تیاری ہے، جس کی شوٹنگ آئندہ سال نیو یارک میں شروع ہوگی۔

ایونٹ کا مقصد پاکستان کی تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر روشناس کروانا اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

Leave a reply