مصری پہلوان نے دانتوں سے 700 ٹن وزنی جہاز کھینچ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

0
86

مصر سے تعلق رکھنے والے معروف اسٹرونگ مین اشرف مہروز، جنہیں “کابونگا” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے دانتوں سے 700 ٹن وزنی بحری جہاز کھینچ کر ایک نیا کارنامہ انجام دیا ہے۔ 44 سالہ اشرف نے یہ مظاہرہ مصر کے ساحلی شہر غردقہ میں کیا۔

اشرف مہروز نے اس کے بعد مزید دو جہازوں کو، جن کا مجموعی وزن تقریباً 1150 ٹن تھا، دانتوں سے کھینچنے میں بھی کامیابی حاصل کی۔ وہ اس سے قبل بھی کئی حیران کن کارنامے انجام دے چکے ہیں، جن میں دانتوں سے 279 ٹن وزنی ٹرین اور 15 ہزار 730 کلوگرام کا ٹرک کھینچنا شامل ہے۔

اشرف کا کہنا ہے کہ ان کے حالیہ مظاہرے کی ویڈیوز اور تصاویر گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بھیجی جا رہی ہیں تاکہ ان کا نام عالمی ریکارڈ بک میں شامل کیا جا سکے۔ اس وقت گنیز بک میں سب سے بھاری جہاز کھینچنے کا ریکارڈ 2018 میں قائم کیا گیا تھا، جب 614 ٹن وزنی جہاز کو دانتوں سے کھینچا گیا تھا۔

155 کلوگرام وزن کے مالک اشرف مہروز روزانہ چھ گھنٹے سخت تربیت کرتے ہیں۔ ان کی خوراک میں پروٹین اور آئرن سے بھرپور اشیاء شامل ہوتی ہیں، جن میں روزانہ ایک درجن انڈے، دو مرغیاں اور پانچ کلو مچھلی شامل ہیں۔ وہ کسی قسم کے غذائی سپلیمنٹس کا استعمال نہیں کرتے اور اچھی غذا، نیند اور ورزش کو اپنی طاقت کا راز قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے کم عمری میں ہی بھاری اشیاء اٹھانا شروع کر دیا تھا اور وقت کے ساتھ ساتھ کنگفو، کک باکسنگ اور ریسلنگ جیسے فنون میں مہارت حاصل کی۔ اشرف نہ صرف گاڑی کو انگلی سے دھکیل سکتے ہیں بلکہ مستقبل میں وہ دانتوں سے آبدوز اور آنکھوں کے مسلز سے طیارہ کھینچنے کی خواہش بھی رکھتے ہیں۔

Leave a reply