مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: پاکستان اور چین متحرک، امن کوششیں تیز

0
57
مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: پاکستان اور چین متحرک، امن کوششیں تیز

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان اور چین نے امن کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اپنے چینی ہم منصب وانگ ای سے اہم ملاقات کے لیے چین پہنچ گئے ہیں، جہاں خطے میں جاری تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے پر بات چیت متوقع ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں جنگی فریقین، خصوصاً امریکا اور اسرائیل، پر زور دیا ہے کہ فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کی جائیں۔ چین نے تاریخی مقامات کو پہنچنے والے نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایٹمی تنصیبات پر حملوں کی سخت مخالفت بھی کی ہے۔
ادھر جنگ کے باعث نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے بلکہ عالمی معیشت بھی شدید دباؤ کا شکار ہے، جبکہ توانائی کا بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔
صورتحال اس وقت مزید پیچیدہ ہو گئی جب ایران کی جانب سے سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک پر ڈرون اور میزائل حملے کیے گئے۔ تاہم تاحال ان ممالک نے محتاط رویہ اختیار کیا ہوا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اگر سعودی عرب کی جانب سے بھرپور فوجی ردعمل سامنے آیا تو پورا خطہ شدید بحران کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ پاکستان کے لیے یہ معاملہ اس لیے بھی حساس ہے کہ اس کا سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون موجود ہے، جس کے باعث کسی ممکنہ تصادم میں اس کے کردار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان خطے میں ایک اہم سفارتی پل کا کردار ادا کر سکتا ہے، خصوصاً امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے لیے۔
دوسری جانب ایران نے عندیہ دیا ہے کہ اس کی اولین ترجیح اپنی دفاعی حکمت عملی ہے، اور وہ کسی بھی دباؤ کے تحت اپنے اقدامات سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران چین اور پاکستان کی جانب سے جاری امن کوششیں عالمی استحکام کے لیے نہایت اہم قرار دی جا رہی ہیں۔

Leave a reply