مس یونیورس تقریب میں مس میکسیکو سے نامناسب رویہ، کئی حسیناؤں کا واک آؤٹ

0
119
مس یونیورس تقریب میں مس میکسیکو سے نامناسب رویہ، کئی حسیناؤں کا واک آؤٹ

تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی مس یونیورس 2025 کی ایک تقریب اُس وقت تنازع کا شکار ہوگئی جب منتظمین کے ایک سینئر عہدیدار کی جانب سے مس میکسیکو فاطمہ بوش سے مبینہ طور پر تضحیک آمیز سلوک کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق، تقریب کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناوت اتسارگریسل نے مس میکسیکو سے ایک تشہیری فوٹوشوٹ میں عدم شرکت پر سوال کیا، جس دوران انہوں نے انگریزی میں انہیں (احمق) کہہ دیا۔ اس جملے نے تقریب کا ماحول کشیدہ کردیا اور کئی شرکاء نے بطورِ احتجاج ہال چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی جس کے بعد دیگر ممالک کی نمائندہ حسیناؤں نے بھی مس میکسیکو سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے منتظمین کے رویے کو “غیر پیشہ ورانہ اور توہین آمیز” قرار دیا۔

وکٹوریا تھیلویگ سمیت متعدد شرکاء نے کہا کہ ایسے واقعات عالمی مقابلے کے معیار اور خواتین کے احترام کے منافی ہیں۔

دوسری جانب، فاطمہ بوش نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وہ “خاموش تماشائی نہیں بنیں گی” اور خواتین کے وقار کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہماری آواز کوئی نہیں دبا سکتا۔”

سوشل میڈیا پر عوام کی بڑی تعداد نے بھی مس میکسیکو کے حق میں آواز اٹھائی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔

ادھر مس یونیورس آرگنائزیشن نے ایک بیان میں کہا کہ ادارہ تمام شرکاء کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آنے پر یقین رکھتا ہے، اور اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ آئندہ ایسی صورتحال سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

Leave a reply