
آزادکشمیر میں مسافربس گہری کھائی میں گرنےکیوجہ سے 20 افرادجاں بحق اور ایک شدیدزخمی ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر پلندری عمر فاروق کے مطابق بس راولپنڈی سے راولاکوٹ جا رہی تھی کہ سینٹ آزاد پتن کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی، مسافر بس گہری کھائی میں جاگری۔
حادثے کے نتیجے میں 20 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 3 سے زائد مسافر زخمی ہوئے، جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر پالندری کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جائے حادثہ پر اس وقت 20 لاشیں موجود ہیں، بس میں 21 افراد سوار تھے۔ انتظامیہ کے مطابق حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے پولیس اور ریسکیو حکام کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے جب کہ مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بس سے جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔








