مریم نواز کا خصوصی بچوں کے مرکز کا دورہ، بچوں کے ساتھ خوشگوار لمحات

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک خصوصی بچوں کے مرکز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنوائیں۔ یہ لمحات سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔
دورے کے دوران مریم نواز نے بچوں سے گفتگو کی اور ان کے ساتھ خوشگوار انداز میں وقت گزارا۔ اس موقع پر ایک بچے نے مرکز میں موجود دیگر افراد کو بھی خوش آمدید کہا اور سب کے ساتھ تصاویر بنوائیں، جس سے وہاں موجود عملہ اور دیگر افراد بھی لطف اندوز ہوئے۔
اس موقع پر مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں خصوصی تعلیم کے لیے سینٹرز قائم کیے گئے ہیں اور آج انہیں ایک مرکز کے افتتاح کا اعزاز حاصل ہوا۔ انہوں نے اسکول میل پروگرام کا بھی آغاز کیا، جس کے تحت 303 اسکولوں کے 45 ہزار بچوں کو دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے خصوصی بچوں کے ساتھ وقت گزارنے اور ان کے تھراپی رومز، اسمارٹ کلاس رومز، بریل سیکھنے کی سہولیات اور فن پاروں کا جائزہ لینے کو ایک یادگار تجربہ قرار دیا اور کہا کہ یہ بچے ہمت اور قابلیت کی روشن مثالیں ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ان کے خاندان میں بھی ایک خصوصی بچہ ہے جس کی وجہ سے گھر میں رحمت ہے اور وہ ان والدین کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں جو اپنے خصوصی بچوں کی دیکھ بھال میں لگے ہیں۔








