مدینہ کے قریب بس حادثہ: بھارتی شہری کے 18 رشتے دار جاں بحق، آخری الوداع کی گفتگو دلخراش یاد بن گئی

0
122
مدینہ کے قریب بس حادثہ: بھارتی شہری کے 18 رشتے دار جاں بحق، آخری الوداع کی گفتگو دلخراش یاد بن گئی

سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس کے افسوسناک حادثے نے بھارت کے شہر حیدرآباد میں کئی خاندانوں کو سوگوار کر دیا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 35 سالہ سید راشد کے 18 قریبی رشتے دار بھی شامل تھے، جن میں ان کے والدین، بھائی، بھابھی اور کم عمر بچے بھی تھے۔

حادثہ گزشتہ روز پیش آیا جب عمرہ کی ادائیگی کے بعد زائرین کی بس مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کی طرف رواں دواں تھی۔ بس الٹنے کے نتیجے میں 42 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں سے بڑی تعداد کا تعلق بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے تھا۔

سید راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 9 نومبر کو وہ اپنے تمام اہلخانہ اور رشتے داروں کو حیدرآباد ایئرپورٹ پر الوداع کہہ کر رخصت ہوئے تھے۔ انہوں نے مشورہ دیا تھا کہ بچے اور بڑے ایک ہی وقت میں سفر نہ کریں، لیکن یہ ان کی اپنے پیاروں سے آخری ملاقات ثابت ہوئی۔

راشد کا کہنا تھا کہ ’’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ الوداع کے وہ چند جملے ہمیشہ کے لیے دل میں نقش ہو جائیں گے۔‘‘

اسی حادثے میں ایک اور بھارتی شہری نے اپنے خاندان کے پانچ افراد کھوئے ہیں، جن میں ان کے دو سالے، ساس اور بھانجی شامل ہیں۔

سعودی حکام نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ بھارت میں متاثرہ خاندان شدید صدمے میں مبتلا ہیں۔

Leave a reply