مدراس ہائی کورٹ کا ایکشن، دھرندھر 2 کی غیر قانونی نمائش پر پابندی

0
36
مدراس ہائی کورٹ کا ایکشن، دھرندھر 2 کی غیر قانونی نمائش پر پابندی

بھارتی فلم دھرندھر 2 آج 19 مارچ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے، تاہم ریلیز سے قبل ہی پائریسی کے خدشات کے باعث عدالت نے اہم اقدامات اٹھا لیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مدراس ہائی کورٹ نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں اور کیبل آپریٹرز کو ہدایت دی ہے کہ فلم کو کسی بھی غیر قانونی ذریعے سے نشر یا آن لائن شیئر نہ کیا جائے۔ یہ حکم 15 اپریل تک نافذ العمل رہے گا۔
یہ فیصلہ فلم کے پروڈیوسرز کی درخواست پر سامنے آیا، جنہوں نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ ریلیز سے پہلے ہی فلم کے غیر قانونی طور پر لیک ہونے کا خطرہ موجود ہے، جس سے مالی نقصان ہو سکتا ہے۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بروقت کارروائی نہ ہونے کی صورت میں حقوق رکھنے والوں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اس فیصلے سے بعض کاروباری ادارے متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے پروڈیوسرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ فریقین کو مناسب معاوضہ فراہم کریں۔
اس کیس کی آئندہ سماعت 15 اپریل کو مقرر کی گئی ہے۔
فلم میں رنویر سنگھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ دیگر کاسٹ میں سنجے دت، ارجن رامپال اور آرمدھون شامل ہیں۔ فلم کی کہانی ایک کردار کے جَسکیرت سنگھ رنگی سے حمزہ علی مزاری بننے تک کے سفر کے گرد گھومتی ہے۔
واضح رہے کہ فلم نے ریلیز سے قبل ایڈوانس بکنگ کے ذریعے تقریباً 44 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کر لیا ہے۔

Leave a reply