متنازع بیان، بھارتی کپتان آئی سی سی کے ریڈار پر آ گئے

0
124
متنازع بیان، بھارتی کپتان آئی سی سی کے ریڈار پر آ گئے

ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ اسٹیج میچ کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی جانب سے دیے گئے متنازع بیان پر ان کے خلاف انضباطی کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

میچ کے بعد پریزینٹیشن کے دوران سوریا کمار کی سیاسی نوعیت کی گفتگو پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں شکایت درج کرائی تھی۔ ذرائع کے مطابق میچ ریفری رچی رچرڈسن اس معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں اور بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو ایک ای میل کے ذریعے آگاہ بھی کر چکے ہیں۔

ای میل میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی کپتان کے تبصرے کھیل کے اصولوں اور روح کے منافی تھے، جو کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے آئی سی سی کو دو باقاعدہ رپورٹس فراہم کی گئی ہیں، جن کی بنیاد پر کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق آئی سی سی اس شکایت کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور جلد اس معاملے پر باقاعدہ سماعت متوقع ہے۔ اگر الزام ثابت ہوا تو سوریا کمار یادیو پر جرمانہ یا پابندی جیسی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی کپتان نے میچ کے بعد ایک حساس معاملے کا ذکر کرتے ہوئے ایسا بیان دیا تھا جسے غیر ضروری اور سیاسی قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a reply