مبینہ ہراسانی کیس: وائس چانسلر کا فوری ایکشن، پروفیسر یونیورسٹی سے بے دخل

بورے والا میں فیصل آباد زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس میں ایک پروفیسر پر طالبہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا الزام سامنے آنے کے بعد انہیں معطل کر دیا گیا ہے اور یونیورسٹی میں ان کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پروفیسر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ مبینہ طور پر طالبہ کو نتائج میں اضافی نمبر دینے کی پیشکش کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد طالبہ نے 31 اکتوبر کو تحریری شکایت جمع کروائی جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نے معاملہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ویمن ہراسمنٹ یونٹ کو بھجوا دیا۔
ویمن ہراسمنٹ یونٹ نے شکایت متعلقہ حکام کو ارسال کی جس کے بعد وائس چانسلر نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پروفیسر کی معطلی کا حکم جاری کیا۔ اسی معاملے کے تناظر میں کالج پرنسپل نے بھی انکوائری مکمل ہونے تک اپنا استعفا جمع کرا دیا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات جاری ہیں اور حتمی فیصلہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔









