
معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کے حالیہ کانسرٹ میں اداکارہ ماہرہ خان کی شرکت اور رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
ماہرہ خان، جو سوشل میڈیا پر بھی بھرپور مقبولیت رکھتی ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہے، حال ہی میں ایک ٹی وی کمرشل میں اداکار وہاج علی کے ساتھ نظر آئیں۔ دونوں فنکار آئندہ ایک ڈرامہ پروجیکٹ میں بھی اکٹھے دکھائی دیں گے۔
کانسرٹ کے دوران عاصم اظہر نے اپنا مقبول گانا “ترستی ہیں نگاہیں” پیش کیا، جس پر ماہرہ خان کو حاضرین کے درمیان دھن کے ساتھ جھومتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے آف وائٹ رنگ کا پرنٹڈ انگرکھا، چوڑی دار پاجامہ اور دوپٹہ زیب تن کیا ہوا تھا۔
اگرچہ ویڈیو وائرل ہوگئی، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ردِعمل ملا جلا رہا۔ بعض افراد نے ماہرہ خان کے رقص کو ناپسند کیا اور ان کے ڈانس انداز پر تنقیدی تبصرے کیے، جب کہ کچھ صارفین نے اسے ایک سینئر اداکارہ کے لیے غیر موزوں قرار دیا۔
کچھ تبصروں میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ شوبز شخصیات عمر کے مختلف مراحل میں خود کو کم عمر ظاہر کرنے کی کوشش کیوں کرتی ہیں، جب کہ چند صارفین نے اس رقص کا موازنہ بھارت میں وائرل ہونے والی بعض کانسرٹ ویڈیوز سے بھی کیا۔
اس تمام تر بحث کے باوجود، ویڈیو نے سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت حاصل کی اور مختلف پلیٹ فارمز پر زیرِ گردش ہے۔








