
اسلام آباد: لیبیا کے نائب کمانڈر انچیف لیفٹننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے پاکستان کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعلقات اور پیشہ ورانہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیبیا کے وفد کو نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں پاک فضائیہ کے مختلف اقدامات اور سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔ وفد نے فضائی اور زمینی عملے کے آپریشنل تجربے سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
اس موقع پر ائیر چیف نے لیبیا کے وفد کو یقین دلایا کہ پاک فضائیہ پیشہ ورانہ تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کمانڈر اِن چیف لیبیا مسلح افواج فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے پاک فوج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطوں کی سکیورٹی صورتحال اور پیشہ ورانہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان تعلقات اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔









