لوور میوزیم زیورات چوری کیس میں اہم پیش رفت، دو مشتبہ افراد گرفتار

0
95
لوور میوزیم زیورات چوری کیس میں اہم پیش رفت، دو مشتبہ افراد گرفتار

پیرس: فرانسیسی حکام نے لوور میوزیم سے قیمتی زیورات کی تاریخی چوری کے معاملے میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں کی عمریں تقریباً تیس برس کے قریب بتائی جا رہی ہیں اور وہ دارالحکومت کے نواحی علاقے سین سینٹ دونی کے رہائشی ہیں، جو فرانس کے نسبتاً کم ترقی یافتہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔

پولیس کے مطابق، ایک مشتبہ شخص کو شارل دے گال ایئرپورٹ پر اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ الجزائر روانہ ہونے کی تیاری میں تھا۔ حکام نے بتایا کہ دونوں افراد پہلے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علم میں تھے۔ تاہم اب تک چوری شدہ زیورات برآمد نہیں کیے جا سکے۔

پیرس کی پراسیکیوٹر لور بیکو نے گرفتاری کی تصدیق تو کی لیکن تفصیلات ظاہر کرنے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی معلومات میڈیا میں آنے سے تفتیشی عمل متاثر ہو سکتا ہے، کیونکہ سو سے زائد ماہرین اس کیس پر کام کر رہے ہیں۔

فرانسیسی وزیر داخلہ لوران نیونیز نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تفتیش میں پیش رفت خوش آئند ہے، تاہم ابھی مزید معلومات ظاہر کرنے کا وقت نہیں آیا۔

یہ واقعہ 19 اکتوبر کو پیش آیا جب چار نقاب پوش افراد نے دن کے وقت لوور میوزیم میں داخل ہو کر آٹھ قیمتی نوادرات چرا لیے۔ چوروں نے کرین کی مدد سے اوپر کی کھڑکی توڑی اور موٹربائیکس پر فرار ہو گئے۔ ان زیورات کی مالیت تقریباً 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

چوری شدہ اشیاء میں ملکہ میری امالی اور ملکہ ہورٹنس کے تاریخی زیورات شامل تھے، جن میں ایک تاج اور ایک جوڑی بالیاں بھی تھیں۔ تاہم دورانِ فرار ایمپریس یوجینی کا قیمتی تاج راستے میں گرنے کے باعث برآمد کر لیا گیا۔

یہ ڈکیتی فرانس ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں تشویش کا باعث بنی ہے، کیونکہ یہ واقعہ دنیا کے سب سے زیادہ دیکھی جانے والے میوزیم میں پیش آیا۔ متعدد فرانسیسی شہریوں نے اسے “قومی شرمندگی” قرار دیا ہے۔

Leave a reply