لاہور میں موسلا دھار بارشیں، جناح اسپتال کی چھتیں ٹپکنے لگیں

0
81

لاہور میں جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث جناح اسپتال کی ایمرجنسی اور مختلف وارڈز کی چھتوں سے پانی ٹپکنے لگا، جس سے مریضوں اور تیمار داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کا پانی اسپتال کی راہداریوں، انڈور اور آؤٹ ڈور وارڈز میں داخل ہوگیا، جس سے اسپتال کا معمول درہم برہم ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق حال ہی میں تزئین و آرائش سے گزرنے والی عمارتیں بھی پانی کی لپیٹ میں آگئیں۔

اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محسن کے مطابق ایمرجنسی بلاک کی چھت پر نصب نکاسی آب کا نظام درست طریقے سے کام نہیں کر رہا تھا، جس کے باعث پانی جمع ہوا اور چھت ٹپکنے لگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانی نکال دیا ہے، جبکہ واسا کی گاڑیوں نے بھی اسپتال کے باہر سے پانی کی نکاسی مکمل کر لی ہے۔

دوسری جانب، صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث سیلابی صورت حال برقرار ہے۔ کئی دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں، اور مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 30 سے تجاوز کر چکی ہے۔

Leave a reply