لاہور میں بسنت کا آخری دن، اندرون شہر رنگوں اور پتنگوں سے بھر گیا

لاہور میں بسنت میلے کا تیسرا اور آخری دن بھرپور رنگ، رونق اور جوش کے ساتھ منایا گیا۔ اندرونِ شہر کی فضا رنگ برنگی پتنگوں سے سجی رہی جبکہ بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح بھی اس ثقافتی تہوار میں شریک ہوئے۔ غیر ملکی مہمان مقامی شہریوں کے ساتھ پتنگ بازی کرتے دکھائی دیے اور بسنت کے روایتی انداز سے خوب لطف اندوز ہوئے۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے غیر ملکی سیاحوں کا خیرمقدم کیا اور بسنت کو مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی کی ایک خوبصورت علامت قرار دیا۔ سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی بھی بسنت کی خوشیوں میں شریک ہوئے اور خود پتنگ اڑا کر تہوار سے لطف اٹھایا۔
بسنت کی تقریبات میں خواتین کی شرکت نمایاں رہی۔ کئی خواتین نے پتنگ بازی میں حصہ لیا جبکہ دیگر نے ہاتھوں پر مہندی رچائی، رنگا رنگ ملبوسات زیب تن کیے اور گھروں میں روایتی پکوان تیار کیے۔ تہوار کے موقع پر مختلف دیسی کھانوں اور مٹھائیوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف بھی بسنت منانے کے لیے اندرونِ لاہور پہنچے۔ انہوں نے اپنے قریبی ساتھیوں کے ہمراہ مستی گیٹ کے قریب سلطان ٹیپو بلڈنگ میں بسنت کی خوشیوں میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کو لاہوری ثقافت سے خاص لگاؤ ہے اور انہوں نے اپنی زندگی کے ابتدائی برس اندرونِ شہر میں گزارے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے محفوظ بسنت کے انعقاد کے لیے سرگرم رہے اور اس حوالے سے پنجاب کی ثقافتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کرتے رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے مطابق بسنت جیسے تہوار پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیتے ہیں، کیونکہ ان مواقع پر سیاحت، کھانوں، ملبوسات اور دیگر کاروباروں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔









