لاہور: سی سی ڈی انسپکٹر ہی تاجر کے اغوا کا ماسٹر مائنڈ نکلا

لاہور میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ایک انسپکٹر پر تاجر کے اغوا کا الزام سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق انسپکٹر جاوید اقبال نے اپنے اہلکار توصیف کے ساتھ مل کر کاہنہ کے علاقے سے ایک تاجر کو اغوا کیا۔
ملزمان نے مغوی کے اہلِ خانہ سے 40 لاکھ روپے تاوان طلب کیے اور ایل او ایس کے قریب رقم وصول کی۔ تاہم، تاجر کی رہائی کے فوراً بعد کاہنہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا۔
تفتیش کے دوران انسپکٹر جاوید اقبال اور اہلکار توصیف کی اغوا میں شمولیت ثابت ہو گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔









