قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی پر بات چیت، حماس اور اسرائیل کے مذاکرات جاری

مصر کے شہر شرم الشیخ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دن امید افزا رہا۔ بات چیت میں قیدیوں اور یرغمالیوں کے تبادلے، جنگ بندی، اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے اس ابتدائی مرحلے میں پیش رفت دیکھی گئی ہے، اور دونوں فریقوں کے درمیان آج بھی مذاکرات جاری رہیں گے۔
مذاکرات میں حماس کے وفد کی قیادت سینئر رہنما خلیل الحیہ کر رہے ہیں۔ وفد نے ثالثوں کو آگاہ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری بمباری بات چیت میں رکاوٹ بن رہی ہے، خاص طور پر قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے۔
مذاکراتی عمل کی میزبانی مصر کر رہا ہے اور فریقین کے درمیان براہ راست ملاقات کے بجائے ثالثی کے ذریعے بات چیت جاری ہے۔