قرض میں ڈوبا ڈیلیوری رائیڈر، پانچ سال بعد کروڑ پتی بن گیا

0
141
قرض میں ڈوبا ڈیلیوری رائیڈر، پانچ سال بعد کروڑ پتی بن گیا

چین کے شہر شنگھائی میں کام کرنے والے ایک فوڈ ڈیلیوری رائیڈر نے سخت محنت اور سادہ طرزِ زندگی اختیار کرتے ہوئے محض پانچ برس میں چار کروڑ روپے سے زائد رقم بچانے میں کامیابی حاصل کرلی۔

25 سالہ زینگ شیوچیانگ سن 2020 میں بہتر روزگار کی تلاش میں شنگھائی آیا، جہاں اس نے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کی حیثیت سے کام شروع کیا۔ اس سے پہلے وہ صوبہ فوجیان میں ناشتہ فروخت کرنے کی ایک چھوٹی دکان چلاتا تھا، تاہم کاروبار نہ چلنے کے باعث اسے بند کرنا پڑا اور وہ قرض میں ڈوب گیا۔

حالیہ دنوں زینگ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اس نے انکشاف کیا کہ وہ پانچ سال کے دوران ایک لاکھ ساٹھ ہزار امریکی ڈالرز جمع کرنے میں کامیاب رہا۔ اس کے مطابق اس کامیابی کی سب سے بڑی وجہ غیر ضروری اخراجات سے مکمل پرہیز تھا۔

زینگ کا کہنا ہے کہ وہ ہفتے کے ساتوں دن تقریباً 13 گھنٹے کام کرتا ہے اور کھانے اور آرام کے علاوہ سارا وقت ڈیلیوری میں صرف کرتا ہے۔ وہ سال میں صرف چینی بہار کے تہوار کے موقع پر ہی چھٹی لیتا ہے۔

وہ روزانہ صبح تقریباً ساڑھے دس بجے کام شروع کرتا ہے اور رات ایک بجے تک ڈیلیوری کرتا رہتا ہے، جبکہ اپنی صحت برقرار رکھنے کے لیے روزانہ ساڑھے آٹھ گھنٹے نیند لینا بھی یقینی بناتا ہے۔

زینگ کے مطابق وہ ہر ماہ 300 سے زائد آرڈرز مکمل کرتا ہے اور اس دوران ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کرتا ہے۔ اب وہ نہ صرف اپنا پرانا قرض اتار چکا ہے بلکہ خاطر خواہ بچت بھی کرلی ہے۔

آئندہ کے منصوبوں کے حوالے سے اس نے بتایا کہ وہ شنگھائی میں دو نئی دکانیں کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس پر وہ ایک لاکھ تیرہ ہزار ڈالرز خرچ کرے گا۔ زینگ کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ ماضی میں ایک بار ناکامی کا سامنا کر چکا ہے، لیکن اب وہ نئے حوصلے کے ساتھ دوبارہ کوشش کرنا چاہتا ہے۔

Leave a reply