قدرتی طریقوں سے ہائی بلڈ پریشر پر قابو پانا ممکن، ماہرین

0
93
قدرتی طریقوں سے ہائی بلڈ پریشر پر قابو پانا ممکن، ماہرین

ہائی بلڈ پریشر ایک ایسی بیماری ہے جو اکثر بغیر علامات کے جسم کو متاثر کرتی ہے، اسی لیے اسے طبّی دنیا میں “خاموش قاتل” بھی کہا جاتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق یہ مرض دل، دماغ، گردوں اور خون کی نالیوں کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ ادویات استعمال کر رہے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ادویات اہم کردار ادا کرتی ہیں، تاہم صرف دواؤں پر انحصار کرنا ہائی بلڈ پریشر کے مؤثر علاج کے لیے کافی نہیں۔ حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ باقاعدہ ورزش اور وٹامن سی کا مناسب استعمال بلڈ پریشر کو قدرتی طور پر کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق ورزش اور وٹامن سی کے استعمال سے جسم میں سوزش کم ہوتی ہے، شریانوں کی لچک بہتر ہوتی ہے اور ہارمونز کا توازن بحال رہتا ہے، جس کے نتیجے میں بلڈ پریشر میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
ماہرین بتاتے ہیں کہ ہلکی یا درمیانی شدت کی جسمانی سرگرمی خون کی نالیوں کو پھیلانے، خون کی روانی بہتر بنانے اور ذہنی دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ورزش وزن کو قابو میں رکھنے میں بھی مدد دیتی ہے، جو ہائی بلڈ پریشر کے خطرے کو کم کرنے کا ایک اہم عنصر ہے۔
وٹامن سی کو ایک مؤثر اینٹی آکسیڈینٹ قرار دیا جاتا ہے، جو خون کی نالیوں کو اندرونی نقصان سے محفوظ رکھتا ہے اور نائٹرک آکسائیڈ کی پیداوار بڑھاتا ہے۔ اس عمل سے شریانیں کشادہ ہوتی ہیں اور بلڈ پریشر قدرتی طور پر نیچے آتا ہے۔
ماہرین صحت اس بات پر زور دیتے ہیں کہ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی کو معمول بنانے سے ہائی بلڈ پریشر پر بہتر کنٹرول حاصل کیا جا سکتا ہے اور ادویات کی ضرورت بھی کم ہو سکتی ہے۔

Leave a reply