
حالیہ مہینوں میں ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں اور رپورٹس سامنے آتی رہی ہیں۔ ان اطلاعات کے مطابق کمپنی رواں برس ستمبر میں اپنے فولڈ ایبل آئی فون کا پہلا ماڈل متعارف کرا سکتی ہے۔
تازہ رپورٹس میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ایپل صرف بک اسٹائل فولڈ ایبل ڈیوائس تک محدود نہیں بلکہ فلپ ڈیزائن آئی فون کے امکانات پر بھی کام کر رہا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے فلپ اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون کے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے کسی حتمی لانچ ٹائم لائن کا ذکر نہیں کیا گیا۔ یہ بھی واضح نہیں کہ یہ ڈیوائس تجارتی سطح پر پیش کی جائے گی یا نہیں۔
اطلاعات کے مطابق ایپل پہلے بک اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرا کے صارفین کا ردعمل دیکھے گا، جس کے بعد فلپ ماڈل کے مستقبل سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ فلپ اسٹائل فولڈنگ آئی فون سے متعلق افواہیں کافی عرصے سے گردش کر رہی ہیں اور ماضی کی رپورٹس میں دعویٰ کیا جا چکا ہے کہ ایپل ایسے کم از کم دو پروٹو ٹائپس پر کام کر چکا ہے۔
ابتدا میں یہ خیال بھی ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ایپل سب سے پہلے فلپ اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرائے گا، تاہم بعد ازاں اس منصوبے کو مؤخر یا ترک کر دیا گیا۔








