فلو کے کیسز میں خطرناک اضافہ، کئی اسکول بند

0
28

ملائیشیا میں حالیہ دنوں کے دوران فلو (انفلوئنزا) کے کیسز میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ملک بھر میں لگ بھگ 6 ہزار طلبہ اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، جس کے باعث کئی اسکولوں کو احتیاطی طور پر بند کرنا پڑا ہے۔

وزارتِ تعلیم کے ایک اعلیٰ اہلکار کا کہنا ہے کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے اسکولوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جن میں چہرے پر ماسک پہننا، صفائی کا خیال رکھنا اور بڑے اجتماعات سے گریز شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد طلبہ اور عملے کی صحت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

حکام کے مطابق متاثرہ طلبہ ملک کے مختلف حصوں میں موجود ہیں۔ وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ پچھلے ہفتے انفلوئنزا کے 97 کلسٹرز رپورٹ ہوئے، جو کہ اس سے ایک ہفتہ قبل کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں، جب صرف 14 کلسٹرز سامنے آئے تھے۔ زیادہ تر کیسز اسکولوں اور بچوں کی نرسریوں میں دیکھے گئے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق جب کسی ایک جگہ پر بیک وقت کئی افراد فلو سے متاثر ہو جائیں تو اسے “فلو کلسٹر” کہا جاتا ہے، جو وائرس کے تیز پھیلاؤ کی علامت ہوتا ہے۔ ایسی صورت میں فوری حفاظتی اقدامات نہایت ضروری ہوتے ہیں۔

حکومت نے والدین اور اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھیں، اور اگر فلو کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر طبی مشورہ لیں تاکہ بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

Leave a reply