غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل کے بجائے پی ایس ایل کو کیوں ترجیح دے رہے ہیں؟

0
94
غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل کے بجائے پی ایس ایل کو کیوں ترجیح دے رہے ہیں؟

غیر ملکی کرکٹرز کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے مقابلے میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو ترجیح دینے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، جس کے باعث پی ایس ایل کی عالمی مقبولیت میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

انگلینڈ کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ولی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کو بہتر سکیورٹی اور واضح مواقع میسر ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق آئی پی ایل کی نیلامی کا عمل غیر یقینی ہوتا ہے، جہاں منتخب ہونا یا زیادہ میچز کھیلنے کی ضمانت نہیں ہوتی۔

ڈیوڈ ولی کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی اپنی صورتحال کو دیکھ کر فیصلہ کرتا ہے۔ کچھ کھلاڑیوں کے لیے پی ایس ایل میں باقاعدہ کھیلنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں، جبکہ آئی پی ایل میں کئی کھلاڑی طویل عرصے تک بینچ پر بیٹھے رہتے ہیں۔

ادھر معروف کرکٹرز فاف ڈو پلیسی اور معین علی پہلے ہی آئی پی ایل کے بجائے پی ایس ایل کھیلنے کا اعلان کر چکے ہیں، جسے لیگ کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اسی تناظر میں آسٹریلوی اسٹار گلین میکسویل کی جانب سے رواں برس آئی پی ایل نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آ رہی ہیں کہ وہ پی ایس ایل کا رخ کر سکتے ہیں، اگرچہ اس حوالے سے ابھی کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق بہتر سکیورٹی، کھیلنے کے زیادہ مواقع اور مختصر دورانیہ پی ایس ایل کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے ایک پرکشش لیگ بنا رہے ہیں۔

Leave a reply