غزہ پر تازہ حملوں سے قبل اسرائیل نے امریکا کو آگاہ کیا، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق، غزہ میں حالیہ فضائی کارروائیوں سے پہلے اسرائیلی حکومت نے مبینہ طور پر امریکی انتظامیہ کو اپنے منصوبہ بند اقدامات سے آگاہ کیا تھا۔ تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس اطلاع کی باضابطہ تصدیق یا تردید تاحال سامنے نہیں آئی۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیرِاعظم کی ہدایت پر غزہ کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے گئے، جن میں ایک میزائل الشفاء اسپتال کے عقب میں گرا۔ اس واقعے کے نتیجے میں اسپتال کے مریضوں اور طبی عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عرب ذرائع کے مطابق، تازہ حملوں میں کم از کم 20 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق 10 اکتوبر کو ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی فورسز 120 سے زائد مرتبہ فائر بندی کی خلاف ورزی کر چکی ہیں، جن کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔









