غزہ میں کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم، اسرائیلی فوج کا نیا اعلان

جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے غزہ میں عسکری کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے کہا ہے کہ حماس کے خلاف جنگ اُس وقت تک ختم نہیں ہوگی جب تک تمام مغویوں کی واپسی مکمل نہیں ہو جاتی۔
اپنے ایک خطاب میں اسرائیلی آرمی چیف نے کہا کہ فوج مستقبل کی طرف بڑھ رہی ہے مگر ماضی کے تجربات سے سبق سیکھنا اس کا پیشہ ورانہ اور اخلاقی فریضہ ہے۔ ان کے بقول، فوج اپنی مہم کو ہمت اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔
ایال ضمیر نے مزید کہا کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور فوجیوں کو تمام محاذوں پر ممکنہ چیلنجز کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مغویوں کی واپسی اور حماس کے خلاف کارروائی فوج کی اولین ترجیح رہے گی۔









