غزہ میں امن معاہدے پر پیش رفت، چار لاشیں اسرائیل منتقل

غزہ میں ہونے والے حالیہ امن معاہدے کے تحت فلسطینی تنظیم حماس نے چار یرغمالیوں کی باقیات بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ذریعے اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں۔ لاشوں کو شناخت کے لیے تل ابیب کی فرانزک لیبارٹری منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ان لاشوں کی شناخت گائے ایلوز، یوسی شارابی، بپن جوشی اور ڈینیئل پریز کے طور پر کی گئی ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ باقی یرغمالیوں کی لاشوں کی تلاش میں وقت لگ سکتا ہے، کیونکہ تمام تدفین مقامات کی درست معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
اس پیش رفت سے ایک روز قبل حماس نے معاہدے کے تحت 20 زندہ یرغمالیوں کو رہا کیا تھا، جنہیں صحت مند حالت میں واپس لایا گیا۔ ان کی واپسی کے مناظر میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر نمایاں طور پر دیکھے گئے۔
اسی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں میں قید 1,968 فلسطینی قیدی بھی رہا کیے گئے، جو غزہ اور مغربی کنارے واپس پہنچ گئے۔ رہائی پانے والے قیدیوں کا پرجوش استقبال کیا گیا، اور شہریوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر خوشی کا اظہار کیا۔ ان لمحات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی حکومت نے حماس پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے لاشوں کی واپسی میں دانستہ تاخیر کی، تاہم حماس نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے تکنیکی وجوہات کا حوالہ دیا ہے۔