
بولی ووڈ کے معروف اداکار گووندا نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ وہ ایسی فلموں میں کام کرنے سے گریز کرتے ہیں جن میں کسی قوم یا ملک کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جائے۔
یہ بیان انہوں نے میوزک رئیلٹی شو ’انڈین آئیڈل‘ کے دوران دیا، جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر خاص طور پر ٹک ٹاک پر وائرل ہو رہا ہے۔
ویڈیو میں گووندا نے کہا کہ انہیں بلاک بسٹر فلم ’غدر ایک پریم کتھا‘ میں مرکزی کردار کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن فلم میں موجود مکالمات کی وجہ سے انہوں نے یہ کردار قبول نہیں کیا۔
گووندا نے واضح کیا کہ وہ کبھی بھی ایسی فلم کا حصہ نہیں بنتے جس میں کسی ملک یا قوم کے خلاف توہین آمیز گفتگو شامل ہو۔ ان کے اس موقف پر شو کے دیگر ججز اور مہمان حیران رہ گئے۔
سوشل میڈیا پر خاص طور پر پاکستانی صارفین نے ان کے اس موقف کو سراہا اور کہا کہ گووندا ہمیشہ محبت اور مثبت پیغامات کے حامی رہے ہیں، جس کی وجہ سے وہ پاکستان میں بھی کافی مقبول ہیں۔
یاد رہے کہ گووندا 1990 کی دہائی میں کامیڈی، رومانوی اور فیملی فلموں کے ذریعے فلمی شائقین کے دلوں پر راج کرتے رہے۔









