
انسدادِ دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی جانب سے ذاتی معالجین کے ذریعے طبی معائنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
درخواست پر سماعت اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے کی، جہاں عمران خان کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے جبکہ استغاثہ کی نمائندگی اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کی۔
سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں زیرِ سماعت ملزم ہیں، اس لیے انہیں قیدی تصور نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جیل قواعد و ضوابط میں نجی ڈاکٹروں کے ذریعے علاج کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو ذاتی معالجین تک رسائی دینے کی درخواست خارج کر دی۔









