عطا تارڑ کی پریس کانفرنس پر بیرسٹر سیف کا پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

ہاٹ لائن نیوز : خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی پریس کانفرنس پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانےکامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جبرکے بعد عطا تارڑ کی پریس کانفرنس یزیدیت کی نئی مثال ہے، جس پر پی ٹی آئی کو سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلاناچاہئے، حکومت ظلم کر کے بھی ہار گئی تحریک انصاف جبر سہہ کر بھی جیت گئی۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے اپنے بیان میں خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی اور ظالم حکومت نے ظلم و بربریت کی ایک اور داستان رقم کر دی، ماڈل ٹاؤن کے بعد ڈی چوک سانحہ بھی جعلی حکومت کی پیشانی پر جھومرہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ایسا ظلم ہوا کہ جب تاریخ لکھی جائے گی تو قلم بھی کانپے گا، ظلم ہمیشہ خوفزدہ لوگ ہی کرتے ہیں، نہتے کارکنوں پر گولیاں چلانا خوف کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی حکومت ظلم کر کے بھی ہاری جب کہ پی ٹی آئی ظلم برداشت کر کے بھی جیت گئی۔









