
کراچی: عالمی مالیاتی ادارے انسٹیٹوٹ آف انٹرنیشنل فنانس کی تازہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں قرضوں کا بوجھ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور 2025 کے پہلے نو ماہ کے دوران عالمی قرض میں مزید 26 کھرب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف ممالک، اداروں اور گھریلو شعبے کے مجموعی قرضوں کا حجم بڑھ کر 346 کھرب ڈالر تک جا پہنچا ہے۔ غیر مالیاتی کارپوریشنز کا قرض بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کے حجم میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور صاف توانائی کے منصوبوں کی بڑھتی ہوئی ضرورت قرضوں کے بہاؤ میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔ مالیاتی ماہرین کے مطابق یہ رجحان آئندہ برسوں میں عالمی منڈیوں پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔
علاوہ ازیں گھریلو شعبے کا قرض بھی بڑھ کر 64 کھرب ڈالر کی سطح تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ عرصے کے مقابلے میں 4 کھرب ڈالر زیادہ ہے۔









