
ہاٹ لائن نیوز : اسلامیہ کالج پشاور میں طلبہ تنظیم کیجانب سے ہنگامہ آرائی کے معاملے پر اساتذہ بول پڑے۔
کالج اساتذہ کا کہنا تھا کہ ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن کیجانب سے ہڑتال طلبہ تنظیم کے احتجاج اور توڑ پھوڑ کے بعد جاری ہے۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ طلباء نے اساتذہ اور وائس چانسلر کے دفتر پر حملہ کیا، کالج میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے جس کیوجہ سے اساتذہ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
اساتذہ کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے حالات ایسے ہی رہے تو ہم کام نہیں کریں گے۔ اسلامیہ کالج کے اساتذہ کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اور انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے ایسا ہوا۔
واضح رہے کہ اسلامیہ کالج پشاور میں طلبہ تنظیم نے گزشتہ روز وائس چانسلر کے دفتر پر دھاوا بول دیا تھا۔ طلبہ تنظیم نے وائس چانسلر کے دفتر کے دروازے توڑ دیے جبکہ سیکیورٹی نے طلبہ تنظیم کو وائس چانسلر کے دفتر میں داخل ہونے سے روک دیا۔
طلبہ تنظیم نے وائس چانسلر کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ ادھر یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث طلبہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ملوث طلبہ کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔









