
ہاٹ لائن نیوز : موٹر سائیکلوں یا کاروں پر سکول آنے والے نوجوان طلباء نے ٹریفک پولیس اور سکول انتظامیہ کے لیے مسائل پیدا کرنا شروع کر دیے۔
لاہور کے سکولوں میں کم عمر طلباء کے بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل اور کار لانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تمام سکول سربراہان کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکل پر سکول آنے والے کمسن طلباء کو روکا جائے، انہیں سکول کے احاطے میں گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے کی اجازت نہ دی جائے، خلاف ورزی پر متعلقہ سکول پرنسپل کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ کلاس انچارج اپنے بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل پر خود سکول نہ آنے کی ہدایت کریں اور سکول میں بچوں کو ٹریفک کے حوالے سے آگاہی لیکچر دیا جائے گا۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ ان طلباء کے والدین سے بھی رابطہ کریں جو لائسنس کے بغیر گاڑی چلا رہے ہیں۔









