طالبان اور پاکستانی فورسز کے درمیان تازہ تصادم، مقامی شہری خوفزدہ

0
110
طالبان اور پاکستانی فورسز کے درمیان تازہ تصادم، مقامی شہری خوفزدہ

افغانستان کی طالبان فورسز اور پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے درمیان چمن اور سپین بولدک سرحد پر دوبارہ جھڑپیں ہوئی ہیں۔ دونوں طرف سے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کرنے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ پاکستانی فورسز نے قندھار کے ضلع سپین بولدک میں فائرنگ شروع کی، جس کے جواب میں طالبان فورسز نے کارروائی کی۔ پاکستان کی جانب سے اس دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا گیا کہ طالبان نے بلا وجہ فائرنگ کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ترجمان مشرف زیدی نے کہا کہ افغان طالبان نے چمن بارڈر پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس کا پاک فوج نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مکمل تیار اور چوکس ہے۔

جھڑپ کے دوران مقامی لوگ علاقے سے فرار ہوتے ہوئے دیکھے گئے، جبکہ چمن کی سرحدی گزرگاہ ‘بابِ دوستی’ کے نقصان کے مناظر بھی سامنے آئے۔

یہ تازہ جھڑپ چند روز قبل سعودی عرب میں پاکستان اور طالبان حکومت کے نمائندوں کے درمیان ہونے والی خفیہ ملاقات کے بعد ہوئی، جس میں جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا، تاہم کسی بڑی پیش رفت کی اطلاع نہیں ملی۔

جمعے کی رات ہونے والے تصادم میں کسی فریق کی ہلاکتوں کی تعداد کی تفصیل سامنے نہیں آئی۔

Leave a reply