
ماہرینِ غذائیت کے مطابق صبح کا صحت مند ناشتہ نہ صرف دن کی توانائی بڑھاتا ہے بلکہ دماغ کی کارکردگی بہتر بناتا اور بھوک کو قابو میں رکھتا ہے، جس سے وزن کنٹرول میں مدد ملتی ہے۔
وزن بڑھانے والی عام ناشتے کی غلطیوں میں مناسب مقدار کا خیال نہ رکھنا شامل ہے، کیونکہ بہت زیادہ یا بہت کم کھانے سے وزن بڑھ سکتا ہے یا توانائی کم ہو سکتی ہے۔ اسی طرح میٹھے شیریلز، پیسٹریز اور مشروبات فوری توانائی دیتے ہیں، مگر یہ جلد ختم ہو جاتی ہے اور دوبارہ بھوک لگنے سے اضافی کیلوریز لینے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
پروٹین کی کمی سے پیٹ جلد خالی ہو جاتا ہے، جس سے دن بھر زیادہ کھانے کی رغبت پیدا ہوتی ہے، اس لیے انڈے، دہی، دالیں یا پروٹین شیک شامل کرنا مفید ہے۔ فائبر کی کمی بھی وزن بڑھنے کے امکانات بڑھاتی ہے، کیونکہ فائبر بھوک کو دیر تک قابو میں رکھتا ہے؛ اوٹمیل، سبزیوں والا آملیٹ یا پھل ناشتہ میں شامل کرنا ضروری ہے۔
کچھ لوگ وزن کم کرنے کے لیے ناشتہ چھوڑ دیتے ہیں، مگر یہ عادت میٹابولزم سست کر دیتی ہے اور موٹاپے کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔ مناسب ناشتہ جسم کو توانائی دیتا، میٹابولزم کو فعال رکھتا اور دن بھر صحت مند کھانے کے انتخاب میں آسانی پیدا کرتا ہے۔ پروٹین، فائبر اور مناسب کیلوریز شامل کرنے سے وزن بڑھنے کے امکانات کم ہوتے ہیں اور مجموعی صحت بہتر رہتی ہے۔









