شکیب الحسن پر بنگلہ دیش کی نمائندگی پر پابندی، اسپورٹس ایڈوائزر کی تصدیق

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے سینئر آل راؤنڈر شکیب الحسن اب قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ ملک کے نوجوان اسپورٹس ایڈوائزر آصف محمود نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب شکیب الحسن نے سوشل میڈیا پر بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے ساتھ ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارک باد دی۔ ان کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔
بعد ازاں اسپورٹس ایڈوائزر آصف محمود نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں نام لیے بغیر کہا کہ “میں درست تھا کہ ایسے فرد کو دوبارہ قومی ٹیم میں شامل نہ کیا جائے۔”
جواب میں شکیب الحسن نے ایک اور پوسٹ میں کہا، “آخرکار کسی نے تسلیم کیا کہ صرف ایک شخص کی وجہ سے میں بنگلہ دیش کی جرسی نہیں پہن سکتا۔ شاید ایک دن واپس آؤں، کیونکہ میں اپنے ملک سے محبت کرتا ہوں۔”
آصف محمود نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ شکیب کی سیاسی وابستگیوں کی وجہ سے وہ انہیں دوبارہ قومی ٹیم میں شامل نہیں دیکھ سکتے۔ ان کے مطابق، “میرے لیے ممکن نہیں کہ شکیب دوبارہ بنگلہ دیش کا جھنڈا تھامیں یا جرسی پہنیں۔”
دوسری جانب شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ ان کی پوسٹ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ان کے مطابق، “میں نے صرف حسینہ واجد کو کرکٹ سے محبت کے تناظر میں سالگرہ کی مبارک باد دی۔”
شکیب الحسن بنگلہ دیش کرکٹ کے سب سے تجربہ کار کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی قومی ٹیم سے ممکنہ غیر حاضری کرکٹ حلقوں میں مختلف آراء کو جنم دے رہی ہے۔









