شکار پور میں ریلوے ٹریک پر دھماکا، جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

0
48

شکارپور کے علاقے سلطان کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس سے کم از کم چار مسافر زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور شواہد کا جائزہ لیا جا سکے۔

حادثے کے باعث ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت وقتی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ مسافروں کو ان کی منزلوں تک پہنچانے کے لیے متبادل سفری انتظامات، جیسے بسوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ٹریک کی مرمت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس میں 8 سے 10 گھنٹے لگنے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق شام 5 بجے تک اس ٹریک پر کوئی اور ٹرین شیڈول میں نہیں ہے۔

ادھر صوبائی وزیر داخلہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت دی ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات شروع کی جائیں اور ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

Leave a reply