شعیب ملک نے علیحدگی کی افواہیں مسترد کر دیں، اہلیہ ثنا جاوید کی ‘آمین’ انسٹا اسٹوری وائرل”

0
67

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی جانب سے اہلیہ اداکارہ ثنا جاوید سے علیحدگی کی افواہوں کی تردید کے بعد، ثنا جاوید کی ایک انسٹاگرام اسٹوری بھی وائرل ہوگئی ہے۔ اس جوڑے کی ازدواجی زندگی سے متعلق حالیہ قیاس آرائیاں میڈیا اور سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی تھیں۔

حال ہی میں، شعیب ملک نے اپنے اور ثنا جاوید کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کی خبروں کو سختی سے مسترد کیا تھا۔ انہوں نے ان خبروں کو “بکواس” قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ “الحمد اللہ میری ازدواجی زندگی بہت اچھی اور خوشگوار گزر رہی ہے۔” ملک نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی وجہ سے ان کی مصروفیات رہتی ہیں، لیکن اس قسم کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ شعیب ملک کے اس بیان کو بھارتی میڈیا سمیت سوشل میڈیا پیجز نے بھی تیزی سے پھیلایا۔

شعیب ملک کے بیان کے فوراً بعد، ثنا جاوید نے ایک فیشن پیج کی انسٹا اسٹوری اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کی، جس پر مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا۔ اس وائرل اسٹوری میں شعیب کے ثنا سے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے جوڑے کو نظرِ بد سے محفوظ رکھنے کی دعا کی گئی تھی۔ ثنا جاوید نے اس اسکرین شاٹ پر کیپشن میں “آمین ثم آمین” لکھ کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثنا جاوید نے گزشتہ سال جنوری 2024 میں شادی کی تھی، جس کا اعلان انہوں نے مشترکہ پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔ اس جوڑے نے اپنی شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ‘الحمداللہ’ اور قرآن مجید کی ایک آیت درج کی تھی۔

Leave a reply