شانگلہ میں سیلاب متاثرین کو مالی امداد فراہم کر دی گئی

خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کی مد میں کروڑوں روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد کے ورثاء کو مجموعی طور پر 7 کروڑ 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر شانگلہ، محمد فواد کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے 36 افراد کے لواحقین کو مالی امداد فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ 28 زخمیوں کے لیے 1 کروڑ 40 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔
مزید برآں، تین دکانداروں کو نقصانات کے ازالے کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے دیے گئے۔ سیلاب سے متاثرہ گھروں کی بحالی کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں مکمل تباہ ہونے والے 20 گھروں کے مالکان کو فی کس 10 لاکھ روپے جبکہ جزوی متاثرہ 12 گھروں کے لیے فی کس 3 لاکھ روپے کی امداد دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ باقی متاثرین کو بھی جلد از جلد امداد فراہم کی جائے گی۔









