شام میں پہلےپارلیمانی انتخابات کی تاریخ کا اعلان

دمشق: شام میں ایک عبوری سیاسی نظام کے تحت نئے پارلیمانی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ انتخابات بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد پہلی بار منعقد کیے جا رہے ہیں۔
شام کی ہائر کمیٹی برائے انتخابات نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عوامی اسمبلی کے نئے ارکان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ 5 اکتوبر کو تمام انتخابی حلقوں میں بیک وقت ہوگی۔
نئی عوامی اسمبلی کی 21 نشستوں میں سے تقریباً ایک تہائی پر عبوری صدر احمد الشرع نامزدگی کے ذریعے ارکان مقرر کریں گے، جب کہ باقی نشستوں پر عوام براہِ راست ووٹ کے ذریعے نمائندے منتخب کریں گے۔
واضح رہے کہ شام میں کئی برسوں کی خانہ جنگی کے بعد دسمبر 2024 میں مسلح باغیوں نے حکومتی افواج کو شکست دے کر دارالحکومت دمشق سمیت کئی اہم شہروں کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔ اس دوران سابق صدر بشار الاسد ملک سے روانہ ہوگئے تھے۔
عبوری دور کے دوران انتظامی امور سابق وزیراعظم محمد غازی الجلالی کے سپرد کیے گئے ہیں، جنہیں مختلف سیاسی اور عسکری گروپوں کی حمایت حاصل ہے۔ عبوری حکومت کا کہنا ہے کہ نئے انتخابات کے ذریعے ملک میں جمہوری عمل کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔