شادی کے اگلے دن 75سالہ شخص انتقال کر گیا، تحقیقات شروع

اترپردیش کے ضلع جونپور میں ایک 75 سالہ بزرگ شخص، جو حال ہی میں 35 سالہ خاتون سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا تھا، شادی کے اگلے ہی دن انتقال کر گیا۔ واقعے کے بعد اہلِ خانہ نے موت پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق بزرگ شخص، جو پیشے کے اعتبار سے کسان تھا، اپنی پہلی اہلیہ کے انتقال کے بعد کافی عرصے سے تنہا زندگی گزار رہا تھا۔ حال ہی میں اس نے دوسری شادی کا فیصلہ کیا اور تمام مخالفتوں کے باوجود ایک خاتون سے کورٹ میرج کی، جس کی عمر 35 سال بتائی جاتی ہے۔
شادی کے فوراً بعد گاؤں میں ایک مختصر مذہبی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ خاتون کی بھی یہ دوسری شادی تھی اور اسے پہلے شوہر سے تین بچے ہیں۔ خاتون کے مطابق شوہر نے بچوں کی کفالت کا وعدہ بھی کیا تھا۔
تاہم شادی کے اگلے ہی روز بزرگ شخص کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور اسے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
مرحوم کے اہلِ خانہ نے اس واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے پولیس میں رپورٹ درج کرائی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔