
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے حالیہ کارروائیوں کے دوران 35 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ کارروائیاں 10 سے 13 ستمبر کے درمیان کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس معلومات پر کی گئی کارروائیوں کے دوران باجوڑ اور وزیرستان میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ باجوڑ میں کی گئی کارروائی میں 22 دہشت گرد مارے گئے جبکہ وزیرستان میں 13 مزید دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک کیے گئے دہشت گرد متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 12 سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔









