سیلابی ریلوں سے بہاولپور میں 7بندٹوٹ گئے

بہاولپور اور گرد و نواح کے علاقوں میں دریائے ستلج میں آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث سات حفاظتی بند ٹوٹ گئے، جس کے نتیجے میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیرِ آب آگئیں۔
متاثرہ علاقوں میں تحصیل صدر، بستی یوسف، اور احمد والہ کھوہ شامل ہیں، جہاں پانی کے تیز بہاؤ نے زراعت اور مقامی نظامِ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔
دوسری جانب دریائے چناب کے کنارے جھنگ کے گاؤں جنگران میں بھی سیلابی صورتِ حال سنگین ہو گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے متاثرہ افراد کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ مال مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم کیا جا سکے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قصور میں ایک اسکول میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ خواتین اور بچوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔