
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے پر پارٹی رکنیت سے خارج کر دیا ہے۔ پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات، شیخ وقاص اکرم نے اس بات کی تصدیق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کی۔
سیف اللہ ابڑو نے پارٹی سے نکالے جانے کے بعد سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ووٹ فوجی قیادت اور ملکی دفاع کے اعزاز میں دیا۔ سیف اللہ ابڑو نے یہ بھی کہا کہ قانون سازی ہر دور میں ہوتی ہے اور کسی ایک جماعت کا حق نہیں بنتا۔
انہوں نے پارٹی پر شکوہ بھی کیا اور کہا کہ 26ویں ترمیم کے وقت ان کی فیملی کے افراد کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر پارٹی نے کچھ نہیں کیا، جس کے بعد انہوں نے سینیٹ سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق، ترمیم پر ووٹنگ سے پہلے پی ٹی آئی کے اندر تشویش تھی کیونکہ سندھ اور خیبرپختونخوا کے دو سینیٹرز سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا۔ سیف اللہ ابڑو کی اچانک آمد نے ایوان اور پارٹی میں ہلچل پیدا کر دی۔









